محمد عامر کی طرف سے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لیے جانے کا امکان

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کی طرف سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ دونوں کی طرف سے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچز کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
مصباح الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا۔ جانتا ہوں کہ یہ آئیڈیل وقت نہیں مگر فی الحال میں ذہنی طور پر تیار نہیں ہوں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکوں۔ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔وقار یونس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ وہ پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر مطمئن ہیں۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ میں عہدے چھوڑنے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیے جانے کا امکان ہے، جو ایک دو روز میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں