لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی صرف تجویز دی ہے۔ تاہم ہم سمجھتے ہیں موجودہ اسمبلی میں اس کیلئے نمبرز پورے نہیں، ہم کس بنیاد پر تحریک عدم اعتماد کی تحریک کامیاب بنائیں گے؟ چار فروری کو پی ڈی ایم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہالت اور ناتجربہ کاری سے ترقی کو کریش کر دیا گیا۔ 2018ء میں ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق چھ فیصد گروتھ تھی، آپ نے آ کر اس تسلسل کو توڑا ہے۔احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ چھ فیصد اکانومی کو دو سالوں میں کریش کرکے معیشت کو بیمار معیشت بنا دیا گیا۔ پچھلی حکومت نے دس ہزار ارب کے قرض لیے تھے، اس کے عوض گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی بنائی، آپ نے 11 ہزار ارب قرض لے کر قوم کو مہنگائی دی۔ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ کر دیا گیا۔ آپ نے چالیس فیصد ڈی ویلیویشن کی۔
انہوں نے وزیراعظم سے سوال پوچھا ہے کہ ایکسپورٹ نہ بڑھنا کیا (ن) لیگ کا قصور ہے؟ اگر آپ سے حکومت نہیں چل رہی تو کیا (ن) لیگ کا قصور ہے؟ آپ کو کرکٹ کا تجربہ تھا تو کرکٹ کو ہی چلا دیتے۔ نواز شریف حکومت میں آپ کو 92ء کا ورلڈ کپ جیتنے کا اتفاق ہوا تھا۔ مسلم لیگ دور میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دنیا کی بہترین تھی۔ آپ نے پورے ملک میں کرکٹ کا بیڑہ غرق کر دیا۔ آج ہزاروں کرکٹرز بے روزگار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر قبضہ مافیا کا الزام لگایا گیا، لیکن سب سے بڑا قبضہ مافیا آپ ہیں جنہوں نے پاکستان کے مینڈیٹ پرقبضہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سوشل میڈیا کا نام نہیں، حکومت چلانے کے لیے سنجیدہ رویے کی ضرورت ہے۔ آج یونیورسٹیوں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں، خاک ریسرچ ہوگی؟ ہائر ایجوکیشن کا ستیاناس کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے آپ کی قلعی کھول دی، آپ اپنی کارکردگی کا جواب دیں۔احسن اقبال نے کہا کہ کہتے ہیں پی ڈی ایم ختم ہو گئی لیکن جس دن پی ڈی ایم استعفے لینے آئے گی پھر طاقت کا پتا چلے گا۔
Load/Hide Comments